کولکا تا،19؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ٹیم انڈیا کے تیزگیندباز محمد سمیع اپنی بیٹی کی دوسری سالگرہ کے جشن کے موقع کی اپنی بیوی کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے کے بعد ایک بار پھر ٹرول کا شکار ہو گئے۔سمیع کی جانب سے تصویر ڈالے جانے پر ٹوئٹر پر ان کی تنقید شروع ہو گئی،کئی لوگوں نے کہا کہ سمیع کی بیوی حسین جہاں نے حجاب نہیں پہن کر گناہ کیا ہے۔غور طلب ہے کہ اس سے پہلے گزشتہ سال دسمبر میں سمیع نے جب بیوی کے ساتھ اپنے فیس بک صفحے پر تصویر ڈالی تھی، جس پر کچھ لوگوں نے اعتراض کیا تھا۔ٹیم انڈیا کے کھلاڑی عرفان پٹھان کو بھی بیوی کے ساتھ تصویر پوسٹ کرنے کے لیے حال ہی میں تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔کنامکلم سے شارون کے نے ’گو ٹو ہیل‘ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا، حجاب کے بغیر آپ کی بیوی کو دیکھ کر افسوس ہوا،سمیع سر گناہ کتنا چھوٹا ہے، یہ مت دیکھئے، بلکہ یہ دیکھئے کہ آپ کس کی ناقدری کر رہے ہیں۔بیجنگ سے سید اختر نے لکھا،کیا آپ سالگرہ کے جشن پر حجاب نہیں پہن کر دائیں بازو کے لوگوں کو خوش کرنا چاہتے ہو۔